ین روزہ ڈیری , پولٹری و لائیو اسٹاک نمائش ختم کئی معاہدے طے


کراچی ایکسپو سینٹر میں 3 روزہ پاکستان پولٹری ڈیری اینڈ لائیو اسٹاک نمائش گزشتہ روز کامیابی کے ساتھ ختم ہوگئی ،نمائش کا اہتمام لینڈ مارک کمیو نی کیشنز اور ڈیری اینڈ کیٹل فارمرزایسوسی ایشن کی جانب سے کیا گیا تھا ،نمائش میں عام افراد کے ساتھ متعلقہ انڈسٹریز سے وابستہ لوگو ں نے بھرپور شرکت کی اور نمائش کے اغراض و مقاصد کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی اس قسم کی نمائشوں کے انعقاد پر زور دیا، 3 روزہ نمائش کا مقصد ان شعبوں میں موجود قومی و بین الاقوامی کاروباری شخصیات کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جس سے ملکوں کے مابین معاشی تعلقات قائم ہوسکیں ،اس موقع پر 100 سے زائد ملکی لائیو اسٹاک کمپنیوں نے شرکت کی جن کا تعلق اجناس ، مشینری ،بریڈ ، انشورنس اور دواؤں سے ہے جبکہ دیگر بین الاقوامی ممالک نے بھی شرکت کی جس میں نیدرلینڈ ، امریکا ،چین، تھائی لینڈ،یوکے ، آسٹریلیا، ترکی، ہنگری،کینیڈا اور ملائیشیا کے نمائندگان شامل ہیں ،مختلف ممالک نے اس نمائش کو معاشی اعتبار سے انتہائی خوش آئند قرار دیا،لینڈ مارک کے سی ای او علی ہمدانی کا کہنا تھا کہ لینڈ مارک اور ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ اس تقریب کیلئے امید کرتے ہیں کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا جبکہ پاکستان زرعی ملک ہے جہاں لائیو اسٹاک کے حوالے سے بہت گنجائش موجود ہیں، اس نمائش میں مختلف معاہدے بھی طے کیے گئے ہیں جس کا باقاعدہ اعلان کردیا جائیگا، اس موقع پر موجود ملکی کمپنیوں نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا،بڑی تعداد میں شرکا کی حاضری کو دیکھتے ہوئے کمپنیوں کے نمائندگان کا کہنا تھا کہ یہ نمائش لائیو اسٹاک کے شعبہ سے وابستہ افراد کیلئے مزید معاشی مواقع کے دروازے کھولے گی جس طرح دنیا بھر کے ممالک تمام شعبوں میں جدت اختیار کر کے معاشی اعتبار سے بلندیوں کو چھو رہے ہیں، اسی طرح پاکستان کے تمام شعبہ بالخصوص لائیو اسٹاک کے شعبہ میں جدت لانے کی ضرورت ہے تا کہ بہتر نتائج میسر آسکیں، ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عمر گجر نے کہا کہ یہ نمائش امید کی ایک کرن ہے جس سے فارمرز کو بڑی امیدیں وابستہ ہوگئی ہیں جس طرح لوگوں نے اس پروگرام میں دلچسپی کا اظہار کیا وہ قابل تحسین ہیں اور اب ہم سب کو اس شعبے کی ترقی کیلئے جدید طرز کو اپنانے کی ضرورت ہے ، ان کا مزید کہنا تھا کہ نمائش سے پاکستان میں ڈیری فارمنگ کے شعبے میں جدت آئیگی ،اس تین روزہ نمائش میں ڈیری،پولٹری و لائیو اسٹاک کے شعبہ جات سے وابستہ میڈیسن ،ساز و سامان اور دیگر آلات کی بھی نمائش کی گئی جبکہ نمائش میں کانفرنسز کا بھی انعقاد کیا گیا جس سے ملکی و غیر ملکی ماہرین نے بھی خطاب کیا۔