گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے، وزیر زراعت


وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہاہے کہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہی وجہ ہے کہ صوبہ پنجاب میں وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت 9 ارب روپے سے زائد رقم خرچ کی جا رہی ہے اور اس منصوبے کے تحت پیداواری لاگت میں کمی کیلئے کسانوں کو کھادیں، بیج اور جدید مشینری سبسڈی پر فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ خوراک کی کمی کے شکار دنیا کے 119 ممالک میں پاکستان 106 ویں نمبر پر ہے، عوام کو غذائی قلت سے بچانے کیلئے محکمہ زراعت نے بھرپور اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں کسانوں کا بری طرح استحصال کیا گیا لیکن موجودہ حکومت نے وزیر اعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت زرعی ترقی کیلئے 300 ارب روپے کی رقم مختص کر تے ہوئے منصوبہ جات کا اجراء کردیاہے ۔

انہوں نے کہا کہ گندم، دھان، گنے اور تیلدار اجناس کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ملک نعمان احمد لنگڑیا ل نے مزید کہا کہ فوڈ سسٹم کو ماحول، افراد اور ادارے مل کر تشکیل دیتے ہیں جس میں زرعی مصنوعات کا حصول، ان کی پروسیسنگ اور صارف تک ان کی ترسیل شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ گندم کے پیداواری منصوبے کے ذریعے آئندہ 5 سالوں میں صوبہ پنجاب میںگندم کی پیداوار میں 7 من فی ایکڑ کا اضافہ ہوگا۔