روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں شدیدمندی کا رجحان


ملز کی جانب سے خریداری محدود،کاشتکار پریشان ، ریگولر روئی9500 روپے فی من پر آ گئی

روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں شدیدمندی کا رجحان ہے ،مختلف شہروں میں گزشتہ 3روز کے دوران ریگولر روئی کی قیمتوں میں 200سے 300روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی اور روئی کے نرخ 9 ہزار 400 سے 9 ہزار 500 روپے فی من کی سطح پر آگئے ۔چیئر مین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ امریکا اور چین میں روئی کی قیمتوں میں مندی کے رجحان کے باعث برآمدی روئی کی قیمتیں کم ہونے سے پاکستان میں بھی روئی کی قیمتوں میں ریکارڈ مندی کا رجحان سامنے آنے کے ساتھ ٹیکسٹائل ملز کی جانب سے روئی کی خریداری بھی محدود کر دی گئی ہے جس سے کاٹن جنرز اور کاشتکاروں میں تشویش کی لہر دیکھی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رواں سال کپاس کی مجموعی پیداوار توقعات سے کافی کم ہونے کے باوجود روئی کی قیمتوں میں غیر متوقع طور پر مندی کا رجحان سامنے آیا ہے ، تاہم توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ آئندہ ایک دو روز کے دوران روئی کی بین الاقوامی منڈیوں میںقیمتوں میں متوقع تیزی کے رجحان کے باعث پاکستان میں بھی قیمتوں میں تیزی کاامکان ہے ۔