پاکستان کا باسمتی چاول عالمی شہرت رکھتا ہے، پوری دنیا میں طلب ہے


صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ پاکستان کا باسمتی چاول عالمی شہرت رکھتا ہے، پوری دنیا میں طلب ہے،پیداوار میں اضافے کے ساتھ ویلیو ایڈیشن کو بھی فروغ دینا ہو گا ،سی پیک منصوبہ پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریگا۔ بدھ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان چائنہ ایگریکلچرل فورم 2019 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کاشتکاری کے لئے پانی کا بہتر استعمال نہیں کررہے،پانی کی قیمت کا تعین کرنا ضروری ہے ۔

صدر مملکت نے کہاکہ پیداوار میں اضافے کیلئے پانی کی بہتر ٹیکنالوجی اور چین کی طرز پر اچھا بیج استعمال کرنا ہوگا۔انہوںنے کہاکہ اچھے بیج سے کپاس سمیت زرعی اجناس کی پیداوار بڑھایا جا سکتا ہے ،ہمیں زراعت کے شعبے میں انسانی وسائل کی کارکردگی کو بھی بڑھانا ہے۔

انہوںنے کہاکہ اس شعبے میں ہم چین کے تجربے سے مستفید ہو سکتے ہیں،ہمیں کاشتکاری کیساتھ فصلوں کو ذخیرہ کرنے کی جدید ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کرنا ہوگا۔صدرمملکت نے کہاکہ پاکستان کا باسمتی چاول عالمی شہرت رکھتا ہے، پوری دنیا میں اس کی طلب ہے،پیداوار میں اضافے کے ساتھ ویلیو ایڈیشن کو بھی فروغ دینا ہو گا ۔انہوںنے کہاکہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریگا۔