وزیر لائیوسٹاک:1.2 لاکھ کٹے فربہ کرنے کیلئے رجسٹر کئے جائینگے


صوبائی وزیر لائیو سٹاک حسنین دریشک نے پریس کانفرنس میں کہا محکمہ لائیوسٹاک پنجاب دیہی مرغبانی،کٹا بچائو اورکٹا فربہ سکیموں کے ذریعے صحت مند قوم بنانے کیلئے کوشاں ہے ،ان منصوبوں میں 80فیصد سبسڈی پنجاب حکومت 20فیصد وفاقی حکومت دے رہی ہے ۔ایک ارب 83کروڑ کے پروگرام کی مدد سے رواں سال 40ہزار کٹے بچانے ،30ہزار کٹے فربہ کرنے اور آئندہ 3سال میں ایک لاکھ 20ہزار کٹے بچانے اور ایک لاکھ 20ہزار کٹے فربہ کرنے کیلئے رجسٹرکئے جائیں گے ۔عمران خان اس قوم کی نشوونما کی بات کرتے ہیں، ہمارے ملک میں اوسط زندگی کم ہوکر 55 سال تک ہوگئی ہے اور دنیا میں اوسط عمر 85 سال ہے اس کی وجہ ہماری خوراک میں ملاوٹ ہے ، ہم دنیا میں ٹیکنالوجی کے حوالے سے ابھی بہت پیچھے ہیں لیکن یقین رکھتا ہوں کہ اس ملک کی معیشت محکمہ لائیو سٹاک اور زراعت ٹھیک کرسکتا ہے ، میرے لئے ایک ایک پیسہ ضروری ہے اخلاقی جرأت سب میں ہونی چاہیے ۔