حب ڈیم کی سطح بڑھ گئی ،مکمل بھرنے کیلئے 18 فٹ پانی درکار


ایک ہفتے کی بارشوں سے ڈیم میں سطح آب تین فٹ اضافے سے 321فٹ ہوگئی حالیہ دنوں میں حب ڈیم کا دائرہ 35 سے 40 کلومیٹر تک پھیل چکا ہے ،واپڈاذرائع

ایک ہفتے کی حالیہ بارشوں سے کراچی کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والے حب ڈیم میں پانی کی سطح میں مزید 3 فٹ اضافہ ہو گیاہے جس کے بعد ڈیم میں سطح آب 321 فٹ ہوگئی ہے ۔واپڈا ذرائع کے مطابق رواں سال مختلف اوقات میں ہونے والی بارشوں سے حب ڈیم میں ایک اندازے کے مطابق 48 فٹ سے زائد پانی آچکا ہے اور ڈیم کو مکمل طور پر بھرنے کے لیے ابھی بھی 18 فٹ پانی درکار ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال کے اوائل میں حب ڈیم میں پانی کی سطح 278 فٹ پر تھی اور ڈیم ڈیڈ لیول پر ہونے کی وجہ سے کراچی کو پانی کی سپلائی بند کردی گئی تھی۔ رواں سال فروری میں بلوچستان اور گردونواح میں ہونے والی بے موسمی بارشوں سے حب ڈیم میں 18 فٹ کی سطح تک کا پانی آیا تھا۔ جس کے بعد کراچی کو پانی کی فراہمی شروع کردی گئی تھی۔واپڈا ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں کئی ماہ سے وقفے وقفے سے جاری تیز بارشوں سے ڈیم میں پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے ۔ ایک ہفتہ قبل حب ڈیم میں پانی کی سطح 318 فٹ پر تھی اور بارشوں سے پانی تیزی سے حب ڈیم میں پہنچ رہا ہے ۔واپڈا ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں حب ڈیم کا دائرہ 35 سے 40 کلومیٹر تک پھیل چکا ہے یوں پانی کا محض ایک فٹ کا لیول کروڑوں گیلن کا خطیر ذخیرہ ہے ۔