پاک چائنہ بزنس فورم و نمائش کا 2تا 4ستمبر لاہور میں ہو گی


افتتاح صدر عارف علوی کرینگے، سینکڑوں چینی و پاکستانی کمپنیاں شرکت کرینگی وزیراعلیٰ عثمان بزدار شرکا کے اعزاز میں گالا ڈنر دینگے ،چودھری سرور کی بھی آمد متوقع

چائنہ چیمبر آف کامرس برائے امپورٹ اینڈایکسپورٹ مشینری اور الیکٹرونک مصنوعات (سی سی سی ایم ای)، چھنگ تاؤ اوور سیز انویسٹمنٹ سروسز سنٹر، کامسیٹس یونیورسٹی اوروفاقی چیمبر کے زیر اہتمام مشترکہ طور پر ساتویں پاک چائنہ بزنس فورم اور صنعتی نمائش کا انعقاد 2 تا 4ستمبر لاہور ایکسپو سنٹر میں ہوگا،نمائش کا افتتاح صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کریں گے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نمائش میں شریک کمپنیوں کے اعزاز میں ایک گالا ڈنر دیں گے ۔ نمائش کے تینوں دن مختلف تکنیکی سیشنز کے دوران گورنر پنجاب چودھری سرور اور وزیر صنعت پنجاب ملک اسلم اقبال کی شمولیت بھی متوقع ہے ۔ نمائش میں چین کی سو سے زائد کمپنیاں پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ جوائنٹ وینچرز اور پارٹنر شپ کے مواقع تلاش کرنے کے لئے حصہ لے رہی ہیں۔ نمائش میں اتنی ہی تعداد میں پاکستانی کمپنیاں بھی حصہ لے رہی ہیں جن کی شرکت ایورسٹ انٹرنیشنل ایکسپو کے تحت ہو رہی ہے ۔ اس نمائش میں صنعتی مشینری، آٹو پارٹس، مشین پارٹس، بلڈنگ مٹیریل، انرجی، الیکٹرونک اور الیکٹرک مصنوعات، فٹنس ایکوئپمنٹ، آئی ٹی، پروسیسنگ مشینری اور دوسری صنعتوں کے لوگ حصہ لے رہے ہیں۔