سی پیک اتھارٹی کاقیام ترقی کے نئے دور کا آغاز ، اسلام آباد چیمبر


اسلام آباد چیمبرکے صدر احمد حسن مغل نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے سی پیک اتھارٹی قائم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ اتھارٹی کے قیام سے سی پیک منصوبوں پر کام کا جلد آغاز ہو گا جس سے صنعتی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے صنعتی و پیداواری سرگرمیوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سی پیک اتھارٹی کا قیام ایک مثبت پیش رفت ثابت ہو گا۔پاکستان کو اس وقت مشرقی و مغربی سرحدوں پر مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کیلئے معیشت کا مضبوط ہونا اشد ضروری ہے ،اگر ہماری معیشت مزیدکمزور ہوئی تو نہ صرف پاکستان کیلئے اندرونی سطح پر مسائل میں اضافہ ہو گا بلکہ بیرونی سطح پر بھی مشکلات بڑھ جائیں گی،لہٰذا ان حالات میں معیشت کو مستحکم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔