مہنگائی کی شرح بڑھ کر اوسطاً 19.01فیصد تک پہنچ گئی


چکن، گھی، چینی، ماچس سمیت 24اشیامہنگی،6سستی ہوئیں،ادارہ شماریات

گزشتہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ(ایس پی آئی )کے لحاظ سے مہنگائی کی شرح0.64 فیصد اضافہ کے ساتھ بڑھ کر اوسطاً 19.01فیصد تک پہنچ گئی جبکہ 24اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 6 میں کمی واقع ہوئی جبکہ 23 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔وفاقی ادارہ برائے شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران 8ہزار روپے تک کی آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 0.57فیصد اضافے کے ساتھ 15.58 فیصد، 8ہزار تا12 ہزار روپے تک کی آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح0.61 فیصد اضافے کے ساتھ17.04 فیصد، 12ہزار تا 18 ہزار روپے تک کی آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 0.64 فیصد اضافے کے ساتھ17.22 فیصد، 18ہزار ایک روپے سے 35ہزار روپے تک کی آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 0.64 فیصد اضافے کے ساتھ 19.35 فیصد جبکہ 35ہزار ایک روپے سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 0.64 فیصد اضافے کے ساتھ21.95 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران جن 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ان میں آلو، چکن، گھی، چینی، ماچس،گْڑ،ڈبل روٹی، دال ماش، ایل پی جی سلنڈر، انڈے ، خشک دودھ،آٹا،آٹے کا تھیلا، گندم،دال مونگ،مٹی کا تیل،مٹن اور بیف سمیت دیگر اشیا شامل ہیں جبکہ جن 6 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے ان میں، ٹماٹر،پیاز ، لہسن، دال مسور،دال چنا اور کیلے شامل ہیں جبکہ 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔