سی این جی صنعت پٹرولیم مافیا کی سازش کا شکار:غیاث پراچہ


وسیع ذخائر کے باوجود پابندی بے بنیاد ہے ،صدر آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے صدر غیاث پراچہ نے کہا کہ سی این جی صنعت پٹرولیم مافیا کمپنیوں کی سازش کا شکارہے ،سی این جی وہ ایندھن ہے جو تمام پٹرولیم مصنوعات میں کم ترین آلودگی پیدا کرتی ہے ۔ ملک میں موجود وسیع ذخائر کے باوجود اس کے استعمال پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں اور وجہ پابندی بھی کھوکھلی اور بے بنیاد ہے۔ر وزنامہ ’’دنیا‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے سی این جی کے استعمال پر پابندی لگانے کی وجہ حادثات بتائی گئی جبکہ روزانہ ہزاروں گاڑیاں سی این جی استعمال کرتی ہیں اور حادثہ سال میں چند ایک گاڑیوں کو پیش آتا ہے جس کی اصل وجہ غیر معیاری سلنڈر کا استعمال ہوتا ہے ‘ پابندی سے دیگر درآمدہ پٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں بے حساب اضافہ ہوگا اور اس طرح ملکی معیشت کو بھی مسائل کا سامنا ہوگا۔ حکومت کو اس پابندی کے فیصلے پر تمام حقائق اور اس کے نتائج کو مد نظر رکھتے ہوئے نظرثانی کرنی چاہیے ۔