ملکی کرنسی زوال پزیر , سونا 82 ہزار تولہ , ڈالر 159.50 روپے پر


انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں رو پیہ ڈالر کے سامنے شدیدد باؤ کا شکا ر ہوگیا ، انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 159روپے جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر روپے کی قدر کو مزید گرا کر159.50روپے کی بلندسطح پر جاپہنچا ۔ وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جب کہ عوام مہنگے داموں ڈالر خریدنے پر مجبور ہیں،ادھرعالمی بلین مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافہ اور روپے کی بے قدری کے باعث فی تولہ سونا 82ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے ۔فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کوانٹربینک میں ڈالر کی قیمت خرید میں25پیسے اور فروخت میں35پیسے کااضافہ ہواجس کے نتیجے میں ڈالر کی قیمت خرید158.50روپے اور فروخت159روپے ہوگئی،اسی طرح ایک روپے کے اضافے سے اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 158.50روپے اور فروخت159.50روپے ہوگئی۔یورو کی قدر میں2.30روپے جب کہ برطانوی پاؤنڈ میں 2.50روپے کااضافہ ہوا جس سے یورو 180.80 روپے جبکہ پاؤنڈ201روپے پر جاپہنچا۔ رپورٹ کے مطابق سعودی ریال 35پیسے اضافے سے 42.75روپے جب کہ یواے ای درہم 35پیسے اضافے سے 43.75روپے کا ہوگیا۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا24ڈالر کے نمایاں اضافے سے 1420ڈالرفی اونس کا ہوگیا ۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا1700روپے اضافے سے 82ہزارکی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت1458روپے اضافے سے 70302روپے ہوگئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت900روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔