روپیہ شدید دباؤ کا شکار،ڈالر158.65پر ،سونا بھی مہنگا


انٹر بینک میں ڈالر75،اوپن کرنسی مارکیٹ میں 80پیسے مزید بڑھ گیا 1300روپے کے اضافے سے فی تولہ سونا 80300پرجاپہنچا

انٹر بینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر ،یورو اور برطانوی پاؤنڈ کے مقابلے میں پاکستانی روپے نے اپنی قدر مزید گنوا دی ،روپے کی قدر میں مسلسل کمی کی وجہ سے غیر ملکی کرنسیوں کی قدر بڑھتی جا رہی ہے اور روپیہ شدید دباؤ کا شکار ہوتا جا رہا ہے جس کے باعث انٹر بینک میں ڈالر 159روپے کی سطح پر پہنچے میںصرف35پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 50پیسے کی دوری پر ہے ۔ادھر سونے کی فی تولہ قیمت میں 1300روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق بدھ کوانٹربینک میں ڈالر کی قدر 75پیسے بڑھ گئی جس کے نتیجے میں ڈالر کی قیمت خرید158.25روپے اور فروخت 158.65روپے ہوگئی،اسی طرح 80پیسے کے اضافے سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید157.50روپے اور فروخت 158.50 روپے ہوگئی ۔یورو اور پاؤنڈ کی قدر میں ایک روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں یورو 178.50روپے جب کہ برطانوی پاؤنڈ 198.50روپے پر جاپہنچا۔سعودی ریال 40پیسے اضافے سے 42.40روپے اوریواے ای درہم 50پیسے اضافے سے 43.40روپے کا ہوگیا ۔چینی یوآن23روپے پرمستحکم رہا۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا4ڈالر کے اضافے سے 1396ڈالرفی اونس کا ہوگیا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 1300روپے اضافے سے 80300روپے ،دس گرام 1114روپے اضافے سے 68844روپے کا ہوگیا جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت10روپے کی کمی سے 900روپے ہوگئی۔