ملکی کرنسی کی بے قدری جاری ،سونا بھی 650روپے مہنگا


کرنسی مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری رہا ۔انٹربینک میں ڈالرکی قدر میں 78پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 50پیسے کا اضافہ ریکارڈکیا گیا ،ادھر سونے کی فی تولہ قیمت میں650روپے کا اضافہ ہوا ہے ۔فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق پیرکوانٹربینک میں ڈالر کی قیمت خرید میں88پیسے اور فروخت میں78پیسے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا،جس کے نتیجے میں ڈالر کی قیمت خرید 157.38 روپے اور فروخت157.78روپے ہوگئی۔اسی طرح 50پیسے کے اضافے سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 156.50روپے اور فروخت 157.50 روپے پر جاپہنچی ۔ رپورٹ کے مطابق یورو 178روپے اور برطانوی پاؤنڈ 198روپے پر مستحکم رہا۔ دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا5ڈالرکے اضافے سے 1405ڈالرفی اونس کا ہوگیا ۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی فی تولہ سونا 650 روپے اضافے سے 78650 روپے ،دس گرام 558 روپے اضافے سے 67430روپے کا ہوگیا جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت910روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔