روپیہ مزید بہتر، ڈالر157 پر، سونا بھی 1000 روپے سستا


یورو، پاؤنڈ ،سعودی ریال اوریواے ای درہم کی قدر میں بھی کمی ،یوآن مستحکم رہا فی تولہ سونا 77200،دس گرام 66186روپے کا ہوگیا،چاندی910پر برقرار

روپے کی قدرمیں بہتری کاتسلسل جاری ہے ،انٹربینک میں ڈالر53 اوراوپن مارکیٹ میں 50پیسے مزید سستاہوگیا ۔ادھر سونے کی فی تولہ قیمت میں بھی 1000روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔ فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں53پیسے کی کمی ہوئی جس کے نتیجے میں ڈالر کی قیمت خرید156.50روپے اور فروخت 157روپے پر آگئی،اسی طرح 50پیسے کی کمی سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید156اور فروخت 157روپے ہوگئی ۔یورو کی قدر میں 2اور برطانوی پاؤنڈ میں 2.50روپے کی کمی ہوئی جس سے یورو 178 اور برطانوی پاؤنڈ198روپے پر آگیا۔سعودی ریال 40پیسے کی کمی سے 41.90 روپے جبکہ 60پیسے کی کمی سے یواے ای درہم 42.70روپے کا ہوگیا۔گزشتہ روز چینی یوآن 23روپے پر مستحکم رہا ۔ دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میںسونا 2ڈالرکی کمی سے 1414ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا1000روپے کی کمی سے 77200روپے اور دس گرام858روپے کی کمی سے 66186روپے کا ہوگیا جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت910روپے پر مستحکم رہی۔