گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے صنعتیں متاثر ہونگی،گرائنڈنگ ملز


تاجر رہنما و صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن افتخار بشیر نے پٹرولیم ڈویژن کی طرف سے صنعتی مقاصد کیلئے گیس کی قیمتوں میں31فیصد تک اضافے کی سمری ارسال کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے صنعتی شعبہ متاثر ہوگا۔مہنگی گیس و بجلی سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں اضافہ اور مہنگی اشیا کے باعث ملکی برآمدات میں کمی سے تجارتی خسارہ بڑھے گا۔ن خیالات کا اظہار انہوں نے ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ افتخار بشیر نے کہا کہ درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی سے بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کو کنٹرول کرنے اور صنعتی ترقی کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے ۔ صنعت کو تجارتی بنیادوں پر فروغ دینے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے جس کے تحت نہ صرف مینو فیکچررز کی معاونت ہو ، بلکہ صنعتی کارکنوں کو بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔