سونا 80ہزار500 روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا,ڈالر بھی مہنگا


عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں 21ڈالر کے نمایاں اضافے سے فی تولہ سونا 80ہزار روپے کی بلند ترین سطح عبورکر گیا۔ ادھرانٹربینک میں ڈالر کی قدر بڑھ گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں استحکام رہا۔تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں سونا21ڈالر کے اضافے سے 1429 ڈالرفی اونس کاہوگیا۔آل کراچی صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں1300روپے اور دس گرام سونے کی قیمت میں 1115روپے کااضافہ ہوا جس کے نتیجے میں فی تولہ سونا 80500روپے اور دس گرام 69016روپے کی بلندترین سطح پر پہنچ گیاجبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 910روپے کی سطح پر مستحکم رہی ۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک کی ڈالر کو لگام دینے کی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں۔ فاریکس ایسوسی ایشن کی رپور ٹ کے مطابق منگل کوانٹربینک میں ڈالر کی قدرمیں مزید3پیسے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر کی قیمت خرید157روپے اور فروخت157.20روپے ہوگئی تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر 156.70روپے پر جبکہ یورو 179روپے پر مستحکم رہا ۔رپورٹ کے مطابق 35پیسے کے اضافے سے برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید198روپے اور فروخت200.25روپے کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گئی جبکہ پانچ پیسے کی کمی سے ریال 41.85روپے پر آگیا،اسی طرح دس پیسے کی کمی سے یواے ای درہم 42.80روپے کا ہوگیا۔واضح رہے کہ چند روز قبل اسٹیٹ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے ایکسچینج کمپنیوں کے وفد کو یقین دہانی کرائی تھی کہ فری فلوٹ کے باوجود روپے کی قدر کو آزاد نہیں چھوڑا جائے گا اور فری فلوٹ کا ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف سخت کارروائی بھی کی جائے گی۔