کپاس کی پیداوار بڑھانے کیلئے ملکرکوششیں کریں:وزیر زراعت


وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کاوشوں کی اشد ضرورت ہے ۔ زرعی ادویات کی قیمتوں اور کوالٹی کو کنٹرول کرنے کے لئے سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔ وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق کپاس کی بحالی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ۔ کپاس ملکی معیشت میں کلیدی حیثیت کی حامل ہے۔ کپاس کے بغیر زرعی معیشت کا تصور ہی نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں کاٹن کراپ مینجمنٹ گروپ کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت رانا علی ارشد، وائس چانسلر نواز شریف زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف علی، انجم علی، ڈاکٹر عابد محمود، سید ظفر یاب حیدر،ڈاکٹر خالد عبداللہ، رفیق اختر، ڈاکٹر صغیر احمد، ڈاکٹر زاہد محمود، نوید عصمت کاہلوں، محکمہ انہار، پی سی پی اے ، ایپٹماکے نمائندگان اور ترقی پسند کاشتکاروں نے شرکت کی۔