اسٹاک مارکیٹ میں زبرد ست تیزی ڈالرسوناسستا


اسٹاک ایکسچینج میں دوروزہ مندی کے بعدبدھ کو تیزی لوٹ آئی۔ 100انڈیکس ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے 35900کی حد پر بحال ہوگیا،74فیصد حصص کی قیمتو ں میں اضافے کی بدولت سرمایہ کاروں کو 138 ارب روپے سے زائد کا منافع ہوا جبکہ کاروباری حجم 19 فیصد زائد رہا۔ادھرانٹر بینک میں ڈالر جبکہ صرافہ مارکیٹ میں سونا سستا ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا ،حکومت کی جانب سے اسٹاک مارکیٹ کو مستحکم رکھنے کیلئے مارکیٹ سپورٹ فنڈ قائم کرنے کی اطلاعات پرحکومتی مالیاتی اداروں اور مقامی بروکریج ہاؤسزسمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر بھرپور خریداری کی گئی جس کے نتیجے میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس1010پوائنٹس کے اضافے سے 35959 پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 577پوائنٹس کے اضافے سے 17179پوائنٹس،کے ایم آئی 30 انڈیکس2338پوائنٹس کے اضافے سے 58336 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 518 پوائنٹس کے اضافے سے 26097 پوائنٹس پربندہوا ۔ مجموعی طور پر334کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے 263کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ، 58کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 13 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 72 کھرب 25 ارب ہوگئی۔ ادھر انٹربینک میں ڈالر کی قدرگھٹ گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں استحکام رہا۔فاریکس رپورٹ کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قدر 78پیسے گھٹ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 149.72روپے اور فروخت 150.22روپے پر آگئی تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر 150روپے پر مستحکم رہا۔یورو30پیسے کی کمی سے 168روپے جبکہ ایک روپے کی کمی سے برطانوی پاؤنڈ190.50روپے پر آگیا۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا ایک ڈالر کی کمی سے 1283ڈالرفی اونس کا ہوگیا ۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی سونے کی قیمت میں200 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 69 ہزار 800 روپے ہوگئی ۔اسی طرح 172 روپے کی کمی سے دس گرام سونے کی قیمت 59 ہزار 842 روپے ریکارڈ کی گئی جب کہ چاندی کی فی تولہ قیمت 870 روپے کی سطح پر مستحکم رہی ۔