جولائی تا اپریل، خوراک کی درآمدات میں 9.85 فیصد کمی


رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران(جولائی تا اپریل) خوراک کی درآمدات میں 9.85 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی،خوراک کی درآمدات 4.7 ارب ڈالر رہیں جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 5.216 ارب ڈالر تھیں۔ پاکستان ادارہ برائے شماریات (پی بی ایس)کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مذکورہ عرصہ کے دوران پام آئل کی درآمدات 10.99 فیصد کی نمایاں کمی کے ساتھ 1.54 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 1.73 ارب ڈالر تھیں۔ دالوں کی درآمدات 2.3 فیصد کمی سے 432.54 ملین ڈالر رہیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 442.7 ملین ڈالر تھیں۔ دودھ، کریم اور دودھ سے بنی مصنوعات کی درآمدات میں بھی 10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ سویابین آئل کی درآمدات 34.3 فیصد کمی کے ساتھ 79.12 ملین ڈالر رہیں۔