کپاس کے ہدف کیلئے ایمرجنسی نافذ کررکھی ہے :علی ارشد


بجائی کے پورے سیزن پانی کی کمی کے امکانات نہیں،ایڈیشنل سیکرٹری زراعت

ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس ) پنجاب رانا علی ارشد نے کہا کہ محکمہ زراعت کی فیلڈ فارمیشنز کپاس کی کاشت اور پیداوار میں اضافہ کیلئے کاشتکاروں کی بھر پور رہنمائی کررہی ہیں اور کاشت کا ہدف حاصل کرنے کیلئے ایمرجنسی نافذ کررکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امسال نہروں میں پانی کی فراہمی کی صورت حال پچھلے سالوں کی نسبت بہتر ہے اور کپاس کی بجائی کے پورے سیزن کے دوران پانی کی کمی کے امکانات نہیں۔ پیسٹی سائیڈز انسپکٹرز اور فرٹیلائزر کنٹرولرز کا پنجاب بھرمیں جعلی زرعی ادویات و کھادوں کے دھندے میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی پنجاب برائے کپاس کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ رانا علی ارشد نے کہا کہ امسال 55لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف پورا کیا جائے گا جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور محکمہ کی فیلڈ ٹیمیں پوری طرح سے متحرک ہیں ۔رانا علی ارشد نے کہا کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں کی پیداواری لاگت کم کرنے کیلئے بیجوں اور کھادوں پر اربوں کی سبسڈی دے رہی ہے ۔