چاول کی برآمد،ایف پی سی سی آئی تجارتی وفود تشکیل دیگی


وفود بر آمدات بڑھانے کی غرض سے اہم ممالک کا دورہ کرینگے ، رفیق سلیمان

وفاقی چیمبر کی رائس کمیٹی کے کنوینر رفیق سلیمان نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے جلد تجارتی وفود تشکیل دیے جائیں گے جو چاول کی بر آمدات بڑھانے کی غرض سے اہم ممالک کا دورہ کریں گے ۔ گزشتہ روز چاول کی بر آمدات کے اعداد و شمار پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے 8ماہ کے دوران 18لاکھ24ہزار میٹرک ٹن چاول بر آمد کیا ہے جس کی مالیت تقریباً ایک ارب 53لاکھ ڈالر ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 25 لاکھ 90ہزار میٹرک ٹن چاول بر آمد کیا گیاتھا جس کی مالیت تقریباً ایک ارب 22کروڑ ڈالر تھی یعنی رواں مالی سال چاول کی برآمدات میں مقدار کے حساب سے 29فیصد اور مالیت کے حساب سے 18فیصد کمی ہوئی ہے ۔ رفیق سلیمان نے بتایا کہ حکومت ملک کی معاشی صورتحال کی بہتری کیلئے مثبت اقدامات کر رہی ہے اورنئی پالیسی سے تاجر برادری پر امید ہے کہ اس پالیسی پر عملدر آمد کے نتیجے میں معیشت پر اچھے اثرات ظاہر ہوں گے ۔