چینی کی فاضل عالمی پیداوار کے اشاریے میں کمی کردی گئی


)بین الاقوامی شوگر آرگنائزیشن نے سیزن 2018-19 کے دوران چینی کی فاضل عالمی پیداوار کے اشاریے میں کمی کردی،نئی جائزہ رپورٹ کے مطابق سیزن کے دوران چینی کی فاضل عالمی پیداوار 6 لاکھ 41 ہزار ٹن رہنے کا امکان ہے ، اس سے قبل فاضل پیداوار 2.17 ملین ٹن رہنے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چینی کی عالمی فاضل پیداوار میں کمی کی بڑی وجہ برازیل اور یورپی یونین کی پیداوار میں کمی ہے ،تاہم تھائی لینڈ کی پیداوار میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ سیزن 2018-19 کے دوران چینی کی عالمی پیداوار 178.68 ملین ٹن رہنے کی توقع ہے ، اس سے قبل سیزن کی پیداوار 180.49 ملین ٹن رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔آئی ایس او نے کہا کہ سیزن کے دوران برازیل کی چینی کی پیداوار سابقہ اندازے سے 1.35 ملین ٹن اور یورپی یونین کی پیداوار 8 لاکھ ٹن کم رہنے کی توقع ہے ۔