گنے کے کاشتکاروں کو بروقت ادائیگیوں کو یقینی بنایا جائے ‘معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب


معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ملک عمر فاروق نے کہا ہے کہ گنے کے کاشتکاروں کو بروقت ادائیگیوں کو یقینی بنایا جائے ،اس ضمن میں ضلع کی شوگر ملز گنے کے کاشتکاروں کو گزشتہ دسمبر کی ادائیگیاں 31جنوری تک کر دی جائیں تاکہ کرشنگ سیزن کے امور خوش اسلوبی سے چلتے رہیں ۔یہ بات معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ملک عمر فاروق نے فیصل آباد میں ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کے دوران گنے کے کرشنگ سیزن کے امور کاجائزہ لیتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے کاشتکاروں کی شکایات کے ازالہ کیلئے کی گئی کارروائیوں اور کرشنگ سیزن کی مانیٹرنگ کے امور سے آگاہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طارق خاں نیازی،اسسٹنٹ کمشنرز نازیہ موہل،شاہد ندیم،تنویر مرتضی،خرم شہزاد بھٹی،ڈی او انڈسٹریز خالد محمود،محکمہ خوراک،پولیس،ٹریفک پولیس کے افسران اور شوگر ملز کے نمائندے بھی موجود تھے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کاشتکاروں کا استحصال نہیں ہونے دیں گے لہذاکرشنگ سیزن کے حوالے سے حکومت کی وضع کردہ پالیسی کے مطابق پندرہ یوم میں ادائیگیاں کریں ۔انہوںنے گنے کے کرشنگ سیزن کے دوران کاشتکاروں کی سہولت و رہنمائی کے لئے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی گنے کے وزن میں ہیرا پھیری،ناجائز کٹوتی،مڈل مین کی منفی سرگرمیموں سے متعلق شکایات نہیں آنی چاہیں۔

انہوں نے ضلعی پولیس سے ہنزہ شوگر ملز کے علاقہ میں گنے کے کاشتکاروں کے ساتھ ہونے والی ڈکیتی کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آنا چاہیے جبکہ متعلقہ ایس ایچ او سے بھی واقعہ کے بارے میں وضاحت طلب کی جائے۔انہوںنے کاشتکاروں کو یقین دلایا کہ کرشنگ سیزن کے اختتام تک مانیٹرنگ کا عمل جاری رہے گا اور انہیں بروقت ادائیگیوں کے سلسلے میں کوئی لیت ولعل برداشت نہیں کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گنے کے خریداری اور کاشتکاروں کو ادائیگیوں کے بارے میں حکومت پنجاب کی وضع کردہ پالیسی پر من وعن عملدرآمد کرایا جارہا ہے اور شوگر ملز کو سابقہ ادائیگیوں کے لئے واضح ہدایت کردی گئی ہے جس پر عملدرآمد نہ ہونے پر سخت ترین ایکشن ہوگا۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ وہ شوگر ملز کے باقاعدگی سے دورے کریں اور کرشنگ سیزن کے تمام امور پر گہری نظر رکھی جائے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے بتایا کہ کنجوانی،چنار اور حسین شوگر ملز کے ذمہ کرشنگ سیزن کے گزشتہ سال دسمبرکے واجبات بقایا ہں جبکہ اب تک گنجوانی شوگر ملز اور چنار شوگر ملز نے 71/71فیصد، رسول نوازنے 81فیصد،ہنزہ شوگر ملز نے 85اور حسین شوگر ملز نے 80فیصد ادائیگیاں کردی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کرشنگ سیزن کے دوران اب تک مڈل مین کا کردار ادا کرنے والے 124۔افراد کے خلاف کارروائی کی جاچکی ہے۔