غذائی اجناس کی درآمدات میں 9.28فیصد کمی


رواں مالی سال 2018-19 کے ابتدائی پانچ مہینوں میں جولائی تا نومبر 2018 کے دوران غذائی اجناس کی مجموعی قومی درآمدات میں 9.28 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے ۔اعدادو شمار کے مطابق جولائی تا نومبر 2017کے دوران غذائی مصنوعات کی قومی درآمدات کا حجم 2 ارب 72 کروڑ 5 لاکھ 19 ہزار ڈالر رہا تھا جو 9 فیصد سے زائد کی کمی کے نتیجے میں جولائی تا نومبر 2018 کے دوران 2 ارب 46 کروڑ 81 لاکھ 23 ہزار ڈالر تک کم ہوگیا۔

اس طرح جولائی تا نومبر 2017 کے مقابلے میں جولائی تا نومبر2018 کے دوران غذائی اجناس کی مجموعی ملکی درآمدات میں 25 کروڑ 23لاکھ 96 ہزار ڈالر کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں جاری مالی سال کے دوران غذائی اجناس کے شعبے میں خشک میوہ جات کی درآمدات میں سب سے زیادہ 79.89فیصد جبکہ سویابین آئل کی درآمدات میں 58.35 فیصد اور چینی کی درآمدات میں 41.16 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔