ماہرین زراعت کی گاجر کی برداشت سے 2ہفتے قبل آبپاشی بند کرنے کی ہدایت


ماہرین زراعت نے گاجر کی برداشت سے 2ہفتے قبل آبپاشی بند کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار گاجر کی برداشت میں احتیاط سے کام لیں اور جب گاجر کی موٹائی تین سے چار سینٹی میٹر تک ہو جائے تو اسے برداشت کرنے میں تاخیر نہ کریں۔انہوںنے بتایاکہ بروقت گاجر کی برداشت سے اس میں مٹھاس زیادہ بڑھ جاتی ہے لیکن اگر برداشت کے وقت تک اسے پانی دیاجاتارہے تو اس کی مٹھاس میں مسلسل کمی واقع ہوتی رہتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ زمین کے وتر حالت میں ہونے سے گاجروں کی برداشت میں بھی مشکل کا سامنا کرناپڑ سکتا ہے۔ انہوںنے مزید بتایاکہ گاجر کا بیج تیارکرنے کیلئے گاجر کے ڈک کی منتقلی ایک دو روز میں مکمل کی جاسکتی ہے نیز ایک ایکڑ گاجر کی فصل سے تین ایکڑ بیج کی فصل کے ڈک حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ گاجر کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی اہمیت کاحامل ہے ۔