کورے کی متوقع راتوں میں گندم کی ہلکی آبپاشی کی ہدایت


ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو کورا پڑنے کی متوقع راتوں میں گندم کی فصل کی ہلکی آبپاشی کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ چونکہ پانی لگانے کی صورت میں کھیت کا درجہ حرارت اچانک کم نہیں ہوتا اور پودوں میں کورے کے خلاف قوت مدافعت بھی پیدا ہو جاتی ہے لہٰذا فصل کو نقصان پہنچنے کا احتمال نہیں رہتااور کاشتکاروں کو اچھی فصل حاصل کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

انہوںنے بتایاکہ گندم کو سردی اور کورے سے محفوظ رکھنے کیلئے بروقت حفاظتی اقدامات ضروری ہیں کیونکہ فصل کی جس قدر بہتر نگہداشت کی جائے گی اسی قدر بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہو سکتاہے۔ انہوںنے بتایاکہ گندم کی زیادہ اگیتی اور زیادہ پچھیتی کاشتہ فصل کو کورے کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے یوریا کی مناسب مقدار استعمال کی جا سکتی ہے۔

انہوںنے بتایاکہ اگر کاشتکار زمین کے وتر آنے پر فوری گوڈی کریں تو کھیت میں محفوظ نمی اوپر آنے سے کھیت کا درجہ حرارت کم نہیں ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ کور ا پڑنے کی متوقع راتوں میں گندم کے کھیتوں کے کنارے مختلف جگہوں پر اگر گڑھے کھود کر ان میں بھوسہ وغیرہ بھر دیں اور اسے آگ لگا کر اوپر کوئی چیزرکھ دیں تو اس سے نکلنے والے دھوئیں کے باعث فصل کورے سے محفوظ رہ سکتی ہے۔