مکئی کی برداشت کے موقع پر احتیاط سے کام لیاجائے، ماہرین زراعت


ماہرین زراعت نے کہاہے کہ مکئی کی برداشت کے موقع پر انتہائی احتیاط سے کام لیاجائے کیونکہ موسم کی تبدیلی ، کم دھوپ ،فضا میں نمی کے باعث تیار شدہ فصل کو نقصان پہنچنے کا احتمال رہتاہے لہٰذا کاشتکار چھلیاں خشک اور دانے الگ کرکے پیداوار کو اچھی طرح محفوظ بنائیں۔ انہوںنے کہاکہ مکئی کی کٹائی سے پہلے پیداوار کے اندازے کے مطابق زمین سے ایک فٹ اونچے چبوترے بنا لیے جائیں جو درمیان سے ذرا اونچے ہوں تاکہ اگر بارش ہو جائے تو پانی ان چبوتروں کے اوپر نہ ٹھہر سکے ۔

انہوںنے کہاکہ جب چھلیوں کے اندرونی پردے خشک ہوجائیں ، دانوں میں ناخن نہ چبھے اوراگر دانے چھلی سے اکھاڑ کر دیکھے جائیں تو اِن کے نوک دار سرے سیاہ ہوچکے ہوں تو سمجھ لیا جائے کہ فصل کٹائی کیلئے تیار ہے ۔انہوںنے کہاکہ سکھانے کیلئے رکھی گئی چھلیوں کو الٹ پلٹ بھی کرتے رہنا چاہیے تاکہ وہ اچھی طرح خشک ہو جائیں۔ انہوںنے کہاکہ مکئی کی ترقی دادہ سنتھیٹک اقسام ایم ایم آر آئی ییلو، پرل، ساہیوال2002 اور اگیتی 2002 کا بیج ایسے کھیتوں سے اگلی فصل کیلئے رکھا جائے جن کے اردگرد تین تین ایکڑ تک مکئی کی کوئی دوسری قسم کاشت نہ کی گئی ہو ورنہ بیج خالص نہ ہوگا۔