محکمہ زراعت کے حکام کو کھاد کے تھیلوں کاوزن چیک کرنے کی ہدایت


حکومت پنجاب نے بعض مقامات سے کھاد کے تھیلوں کا وزن کم ہونے کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے محکمہ زراعت کے حکام کو فوری چھاپوں اورمختلف سٹاکس میں موجود کھاد کے تھیلوں کاوزن چیک کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ حکومت پنجاب کے اعلیٰ حکام کے علم میں بعض مقامات سے یہ شکایت لائی گئی تھی کہ کچھ جگہوںپر چند کھاد ڈیلرز کی جانب سے کاشتکاروں کو فراہم کردہ کھاد کے 50کلوگرام وزنی تھیلوں کا نیٹ ویٹ پورا نہ ہوتا ہے اور چند خود غرض مفاد پرست ڈیلرز کھاد کے تھیلوں سے کھاد نکال کر کم وزن تھیلے زائد نرخوں پر فروخت کررہے ہیں۔

انہوںنے بتایاکہ مذکورہ شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری زراعت پنجاب نے تمام اضلاع کے انتظامی حکام اور محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ کھاد ڈیلرز اور منظور شدہ سٹورز پر اچانک چھاپے ماریں اور کھادوں کے بلک ڈپوؤں کے علاوہ کھاد ڈیلرز کے سٹاک میں موجود بوریوںکاوزن چیک کیاجائے۔

انہوںنے کہاکہ متعلقہ حکام کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کسی بھی جگہ پر کھاد کے 50کلوگرام وزنی تھیلے کے وزن میں کمی پائی جائے تو ذمہ داران کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لاتے ہوئے نہ صرف ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروا کر انہیں گرفتار کروایاجائے بلکہ ان کے ڈپو و سٹور سربمہر کرکے ان کے لائسنس بھی منسوخ کر دیئے جائیں ۔