محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو آلودگی سے پاک کپاس کی چنائی میں احتیاط برتنے کی ہدایت


محکمہ زراعت نے کپاس کے کاشتکاروں کوہدایت کی ہے کہ آلودگی سے پاک کپاس حاصل کرنے کیلئے کپاس کی چنائی احتیاط کے ساتھ کریں کیونکہ آلودگی سے پاک کپاس کی کوالٹی بہتر ہوتی ہے اور اس کے نرخ زیادہ ملتے ہیں۔ محکمہ کے ذرائع نے بتایاکہ کاشتکار چنائی اس وقت شروع کریں جب تقریباً 40 سی50 فیصد ٹینڈے کھل جائیں۔

انہوںنے بتایاکہ چنائی کا صحیح وقت 10 بجے صبح کے بعد شروع ہوتاہے اور شام 4 بجے چنائی بند کردینی چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ اگر آسمان پر بادل ہوں اور بارش کا امکان ہو تو چنائی نہ کی جائے نیز چنائی پودے کے نچلے حصے سے شروع کی جائے اور کپاس میں پتیاں وغیرہ شامل نہیں ہونی چاہئیں۔اسی طرح چنی ہوئی کپاس کو گیلی جگہ پر نہیں رکھنا چاہیے اور کپاس کی اقسام کو علیحدہ رکھنا چاہیے تاکہ ایک قسم دوسری قسم میں شامل نہ ہو سکے۔ انہوںنے کہاکہ کپاس کی پھٹی کو کھیت سے جننگ فیکٹری یا سٹور میں منتقل کرتے وقت سوتی کپڑے کے بورے استعمال کرنے چاہئیں تاکہ کپاس آلودگی سے پاک رہے۔