پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے ، لاہور چیمبر


لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاویداور سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر انتہائی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران حکومت کو اوگرا کے غلط فیصلے پر عمل نہیں کرنا چاہیے تھا، اس سے صنعت ، تجارت اور معیشت کے لیے سنگین مسائل پیدا ہونگے ، یہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے ۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ اوگرا کو زمینی حقائق کا کوئی ادراک نہیں ، آنکھیں بند کرکے فیصلے کیے جارہے ہیں، نگران حکومت کو اوگرا کی سمری مسترد کردینی چاہیے تھی مگر اس نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافے کی منظوری دے دی، بہتر یہ ہوتا کہ اوگرا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بجائے اس پر ڈیوٹیوں ، ٹیکسوں اور حکومت کے غیر پیداواری اخراجات میں کمی کی تجویز دیتی، انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات صنعتوں کا اہم خام مال ہیں جو پہلے ہی مشکلات سے دوچار اور عالمی منڈی میں جگہ بنانے کیلئے تگ و دو کررہی ہیں،صنعت و تجارت پر پٹرول بم گرانے کے بجائے حکومت غیر پیداواری اخراجات میں کمی لائے۔