آزاد کشمیر میں گندم مصنوعات کی نقل و حمل پر پابندی بلا جواز: فلور ملز


گندم کی مصنوعات آزاد کشمیر کے عوام کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ترسیل کی جاتی ہیں ،حکومت پابندی ختم کرائے ، لیاقت علی خان

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کے چیئرمین لیاقت علی خان نے کہا ہے حکومت آزاد کشمیر نے گندم کی مصنوعات کی نقل و حمل پر دفعہ144کے تحت غیر ضروری پابندی عائد کر دی ہے ۔ جس کی وجہ سے فلور ملنگ سیکٹر میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے ۔ گندم کی مصنوعات آزاد کشمیر کے عوام کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ترسیل کی جاتی ہیں ۔ فلور ملنگ سیکٹر کی جانب سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے ۔شدید قلت کے ادوار میں بھی گندم کی مصنوعات آزاد کشمیر ترسیل کی جاتی رہی ہیں۔ اب ان کی ترسیل پر غیر ضروری پابندی سمجھ سے بالا تر ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے لگائی جانے والی غیر ضروری اور غیر اخلاقی پابندیوں کے خاتمے کیلئے حکومت فوری اقدامات کرے ۔تاکہ فلور ملز نقصان سے بچ سکیں ۔