کراچی چیمبر کاانکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ


آن لائن سسٹم ، آئی آر آئی ایس سست روی اوردباؤ کا شکار ہے ،صدرمفسر عطا ملک سسٹم میں پیچید گیاں ٹیکس گزاروں کیلئے کوئی نئی چیز نہیں ،بہتر بنانے کا مطالبہ

کراچی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری( کے سی سی آئی ) کے صدرمفسر عطا ملک نے انکم و سیلز ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں31 دسمبر2017تک توسیع کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس توسیع سے ایسے ٹیکس گزار ریٹرنز جمع کراسکیں جنہیں دیگر وجوہات کے باعث ریٹرن جمع کرانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔گزشتہ روزایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آن لائن سسٹم ، آئی آر آئی ایس سست روی اور مسلسل دباؤ کا شکار رہا جس میں اکثر اوقات تکنیکی خرابیاں بھی آتی رہیں، لہٰذا ایسی صورتحال میں ریٹرن جمع کرانا ممکن نہیں،آن لائن سسٹم میں پیچید گیاں ٹیکس گزاروں کیلئے کوئی نئی چیز نہیں کیونکہ ہر سال ہی انہیں اس عمل سے گزرتے ہوئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو کسی پہاڑ کو سر کرنے سے کم نہیں، انہوں نے ایف بی آرسے درخواست کی کہ وہ آن لائن سسٹم کی صلاحیت کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز رکھیں جو اس قابل بھی نہیں کہ ملک کے ایک فیصد سے بھی کم رجسٹرڈ ٹیکس گزاروں کو مطمئن کرسکے ۔