چاروں صوبوں میں گندم کے یکساں نرخ مقرر کرنے کا مطالبہ


فاضل گندم کیلئے ایکسپورٹ پالیسی کا بھی اعلان کیا جائے ،فلور ملز ایسوسی ایشن

فلور ملز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے رواں برس بار دانہ کی قیمت کی مد میں اضافی بوجھ صارفین اور فلور ملز مالکان پر ڈال دیا ہے جس کے باعث آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا، خیبر پختونخوا اور سندھ میں بار دانہ کی قیمت انکی حکومت برداشت کرتی ہے جبکہ پنجاب میں بھی پچھلے سال باردانہ کا بوجھ خود حکومت برداشت کر رہی تھی تاہم رواں سال میں پنجاب حکومت نے یہ بوجھ عوام اور فلور ملز مالکان پر ڈال دیا ہے ۔ گزشتہ روزچیئرمین پفما لیاقت علی خان نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی گندم تقریبا ً ختم ہو چکی ہے اور گندم کے نرخ حکومت کے مقرر کر دہ سرکاری نرخوں پر آچکے ہیں، انہوںنے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ باردانہ کی قیمت کا اضافی بوجھ عوام پر نہ ڈالا جائے اور چاروں صوبوں میں گندم کے یکساں نرخ مقرر کرنے کے ساتھ گندم کے حوالے سے یکساں پالیسی رکھی جائے، اس وقت لاکھوں ٹن فاضل گندم موجود ہے جس کے خراب ہونے سے خزانے کو اربوں کا نقصان ہونے کا امکان ہے لہٰذا فاضل گندم کو ایکسپورٹ کرنے کیلئے ایک سالہ ایکسپورٹ پالیسی کا اعلان کیا جائے۔