کے الیکٹرک کے ٹیرف میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، طارق ملک


کراچی کے صنعتی وگھریلو صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے نوٹس لیا جائے ، کاٹی کا مطالبہ

کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر طارق ملک نے کے الیکٹرک کے نرخوں میں ہونے والا اضافہ فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ،گزشتہ روز اپنے بیان میں کاٹی کے صدر طارق ملک نے کہا کہ کراچی کی تاجر و صنعتکار برادری پہلے ہی کے الیکٹرک کے نرخوں کے حوالے سے تحفظات رکھتی ہے اور اب فی یونٹ 75 پیسے کا اضافہ آئندہ سات برس کیلئے کر دیا گیا ہے ،نیپرا میں کراچی کے تاجروں اور عوامی نمائندوں نے نرخوں میں اضافے کے خلاف اپنا مؤقف پیش کیا لیکن اسے مسترد کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی صنعتیں کاروباری اور پیداواری لاگت کے دباؤ میں ہیں، اس پر بجلی کے نرخوں میں مزید اضافہ ہمارے مسائل کو بڑھا دے گا،کراچی کے صنعتی و کاروباری اور گھریلو صارفین کو بجلی کے نرخوں کے سلسلے میں ریلیف سے محروم رکھا جاتا رہا ہے ۔ کاٹی کے صدر طارق ملک نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ اس اضافے پر نظر ثانی کے لئے فوری نوٹس لیا جائے اور کراچی کے گھریلو، صنعتی اور کاروباری صارفین کے لئے بجلی کے نرخوں میں کمی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔