اسٹاک مارکیٹ :سرمائے کا انخلا ، مزید42ارب ڈوب گئے


منافع کی خاطر فروخت کا دباؤ،266پوائنٹس کی کمی سے 100 انڈیکس40237پر بند ہوا

پاکستان اسٹاک مارکیٹ جمعرات کو بھی کاروبار ی اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کا شکار ہو گئی اور انڈیکس 40200 پوائنٹس کی کم سطح پر بند ہوا، کاروباری سرگرمیاں ماند پڑنے سے سرمایہ کاروں کے 42 ارب سے زائد روپے ڈوب گئے جس سے سرمائے کا مجموعی حجم 84 کھرب 11 ارب روپے رہ گیا تاہم تجارتی حجم میں 73 کروڑ 58 لاکھ 28 ہزار 740 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کاآغاز مثبت ہوا اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس دو بالائی حد عبور کر گیا، بعد ازاں منافع کی خاطر فروخت کے دباؤ اور سرمائے کے انخلاء کے سبب انڈیکس 39800 پوائنٹس کی انتہائی پست ترین سطح تک گر گیا تھا ،تاہم انڈیکس نے 400سے زائد پوائنٹس ریکور تو کیے مگر مارکیٹ مندی کے گرداب سے نہ نکل سکی جس کی وجہ سے مارکیٹ منفی زون میں ہی بند ہوئی ، جمعرات کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں 266 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 40503 پوائنٹس سے گھٹ کر 40237پوائنٹس پر آگیا، مجموعی طور پر 395کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 73 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،306میں کمی اور 16کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔