پا کستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے بہترین ملک: آسٹریا


برآمدات بڑھانے کے لئے مدد کرینگے ، ٹریڈ کمشنر ، ٹیکسٹائل، ڈیری ، زراعت نمایاں شعبے ہیں ،ریجنل چیئر مین ایف پی سی سی آئی کی آسٹرین وفد سے بات چیت

پاکستان آسٹریا کے ساتھ بہتر تعلقات کے ساتھ تجارت کا فروٖغ چاہتا ہے ، پا کستان میں سرمایہ کاری کرنے کے بہترین مواقع موجود ہیں جن میں سیاحت ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ٹیکسٹائل، ڈیری ، زراعت، روئی، چاول اور معدنیات سمیت دیگر شعبے نمایاں ہیں۔ پاکستان کی آسٹریا کے ساتھ برآمدات کم اور درآمدات زیادہ ہیں۔ہمیں برآمدات میں اضافہ کیلئے اقدامات کرنے ہو نگے ۔ ان خیالات کا اظہار ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین و نائب صدرمنظور الحق ملک نے آسٹریا کے کاروباری وفد کی ایف پی سی سی آئی کے دورہ کے موقع پر ملاقات کے دوران کیا۔اجلاس میں آل پاکستان بزنس فورم کے صدر ابرہیم قریشی ،کینیڈاپاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین سمیر ڈوسل ، ڈائریکٹر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ راشد ترابی اور نائب صدر ایف پی سی سی آئی معصومہ سبطین کے علاوہ دیگر کاروباری شعبہ سے وابستہ افراد نے شرکت کی ۔آسٹرین ٹریڈ وفد کے سربراہ اور آسٹرین ٹریڈ کمشنر مسٹر ریچرڈ بینڈرا نے کہا کہ برآمدات کو دوگنا کرنے کے لئے پاکستان کی مکمل سپورٹ کریں گے ۔پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے بہترین ملک ہے ،ہم نے 150 ممالک میں کاروباری دفاتر قائم کئے ہیں اور پاکستان میں بھی ایک کاروباری دفتر قائم ہے ۔ پاکستان ایک پر امن اور خوبصورت ملک ہے اور یہاں کی تہذیب و ثقافت بہت عمدہ ہے ۔آل پاکستان بزنس فورم کے صدر ابرہیم قریشی نے کہا کہ پاکستان بزنس ٹوبزنس کی بہت بڑی مارکیٹ ہے ،سرمایہ کاری کے بھی بہت سارے مواقع موجود ہیں ۔ اس حوالے سے ایف پی سی سی آئی اور اے پی بی ایف مکمل سپورٹ دینے کے لیے تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعاون کو پروان چڑھنا چاہئے اور نئے مواقعوں کو تلاش کر کے ان سے فائدہ حاصل کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنا کر باہمی تجارت کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔