چینی کی قیمت میں اضافہ جاری، مزید 2 روپے کلو مہنگی


ایک ہفتے میں 10روپے کا اضافہ، شوگرملز آرڈر نہیں لے رہیں، بحران کا خدشہ بعض عناصر نے گٹھ جوڑ کر کے چینی کی قیمت بڑھانے کا پروگرام بنالیا:شوگر ڈیلرز

چینی کی قیمت میں مسلسل اضافہ جاری ہے اور گزشتہ روز بھی چینی مزید دو روپے کلو مہنگی کر دی گئی ،ایکس مل ریٹ 5700 روپے سو کلو تک پہنچ گیا ۔ عام مارکیٹ میں چینی 60سے 62 روپے فی کلو فروخت ہونے لگی ۔ایک ہفتے میں چینی کی قیمت میں 10روپے فی کلو اضافہ ہوچکا ہے ۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق اس سے ایک ہفتہ قبل چینی کی ایکس مل قیمت کم ہوتے ہوئے 4700 روپے ہو گئی تھی جس پر شوگر ملز نے ایک روز میں ہی چینی کی قیمت میں تین روپے اضافہ کرتے ہوئے ریٹ 5000 روپے کر دیا اور ساتھ ہی چینی کے نئے آرڈر لینے بندکر دئیے جس سے مارکیٹ میں چینی کی فراہمی کم ہوئی اور قیمت مزید سات روپے اضافے سے گزشتہ روز 5700روپے ایکس مل ریٹ تک پہنچ گئی۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق شوگر ملز صرف پہلے سے بک ہونیوالے سودوں پر چینی فراہم کر رہی ہیں اور نئے آرڈر نہیں لیے جارہے جس سے بحران پیدا ہوسکتا ہے ۔ شوگر ڈیلرز ایسو سی ایشن کے رہنما اصغر بٹ کا کہنا تھا ملک میں چینی کی پیداوار وافر ہونے کے باعث قیمت میں کمی ہو رہی تھی ، لیکن بعض عناصر نے گٹھ جوڑ کر کے اس کو مہنگی کر نے کا پروگرام بنا لیا ہے اور یہ سب کچھ چینی کی مصنوعی قلت پیدا کر کے قیمتیں بڑھانے کے لیے کیا جا رہا ہے ۔