یوٹیلیٹی اسٹورز:چینی کی قیمت میں 3روپے کمی،نوٹیفکیشن جاری


تمام اسٹورز ، فرنچائز پر چینی62روپے کلو کے حساب سے دستیاب ہوگی ،ترجمان
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے ملک بھر کے تمام اسٹورز پر چینی کی قیمت میں 3 روپے کلو کمی کا اعلان کردیا ہے ، اب چینی 65روپے کلو کے بجائے 62روپے کلومیں فروخت ہوگی ۔ کارپوریشن ترجمان کے مطابق عوام کو مارکیٹ ریٹ سے کم نرخوں پر چینی فراہم کرنے کے سلسلے میں اعلیٰ سطح اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے تا کہ چینی کی قیمت میں 3 روپے کلو کے حساب سے کمی کی جائے ۔ ترجمان کے مطابق فیصلے پر عملدر آمد آج سے ہوگا جس کیلئے تمام زونل اور ریجنل آفسز کونوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ،ملک بھر کے تمام اسٹورز اور فرنچائز پر عوام کو چینی62روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہوگی اور فرنچائز مالکان کو کارپوریشن کی جانب سے چینی فی کلو 61روپے 50پیسے کے حساب سے فراہم کی جائیگی۔ترجمان کے مطابق کارپوریشن اس سے پہلے بھی مختلف دالوں ،گھی آئل ، چائے وغیرہ کی قیمتوں میں کمی کر چکی ہے ۔