پاکستان اسٹاک : کاروباری ہفتے کا مثبت آغاز , انڈیکس 288 پوائنٹس , سرمایہ 33 ارب بڑھ گیا


پرافٹ ٹیکنگ کا رجحان، 3نفسیائی حدیں عبور،توانائی ،اسٹیل،بینکنگ ،ریفائنری اور فرٹیلائزر سیکٹرز میں خریداری
کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک میں تیزی کارجحان دیکھاگیااورکے ایس ای100انڈیکس48400پوائنٹس سے بڑھ کر 48600 پوائنٹس کی سطح پربندہوا،تیزی کے سبب مارکیٹ سرمائے میں 33 ارب سے زائدروپے کااضافہ ریکارڈکیاگیا۔اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ،توانائی ، اسٹیل،بینکنگ ،ریفائنری اور فرٹیلائزر سیکٹرز میں خریداری کے باعث کے ایس ای100انڈیکس3نفسیاتی حد عبور کرنے میں کامیاب رہا تاہم منافع خوری کی خاطر بعض اسٹاکٹس میں دباؤ کے باعث انڈیکس48700پوائنٹس کی بالائی حد سے گر گیا اور کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس میں288.30پوائنٹس کااضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے 100انڈیکس48409.35پوائنٹس سے بڑھ کر 48697.65 پوائنٹس پر جاپہنچا، اسی طرح کے ایس ای 30اور آل شیئر انڈیکس میں بھی تیزی رہی،، کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ سرمائے میں 33 ارب 85 کروڑ 26 لاکھ 22 ہزار 616 روپے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم 95 کھرب 65 ارب 51 کروڑ 22 لاکھ 83 ہزار 62 روپے ہوگیا، پیر کو 13 کروڑ 47 لاکھ 48 ہزار حصص کے سودے ہوئے اور ٹریڈنگ ویلیو 6 ارب روپے تک محدود رہی، مجموعی طورپر 391 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 233کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 146 میں کمی اور 12 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔