عوام کو حقوق دانش کے بارے میں آگہی دینا ہو گی ،وزیر تجارت


وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے عوام کو حقوق دانش کے بارے میں آگہی ہو گی تو ہرشعبہ میں جدت آئے گی،وہ مقامی ہوٹل میں انٹیلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن پاکستان و یو ایس ایڈ کے زیر اہتمام ‘‘نیشنل انٹیلیکچوئل پراپرٹی اسٹریٹجی ’’کے موضوع پر سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی پی او اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں ہے اور حقوق دانش کے تحفظ کیلئے حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے جس سے اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کے تحفظ کے ساتھ وہ مزید فوائد بھی حاصل کر سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریڈ مارک پیٹنٹ اور کاپی رائٹس پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے اور آئی پی او ٹریڈ پالیسی فریم ورک اور حقوق دانش وزیراعظم کے وژن کا حصہ ہیں، حقوق دانش کا زراعت سے بھی بنیادی تعلق ہے اور یہ پلانٹ بریڈرز ایکٹ کے دائرے میں آتے ہیں اس پر بھی کام ہو رہا ہے ۔قانون حتمی مراحل میں ہے جو دو سے تین ماہ میں اسمبلی میں پیش کردیا جائے گا۔ سیمینار سے آئی پی او پاکستان کے چیئرمین شاہد رشید امجد اسلام امجد اوریو ایس ایڈ کے نمائندے نے بھی خطاب کیا۔