معاشی پالیسی کے مثبت نتائج حاصل ہونا شروع ہوگئے :‌ گورنر سندھ


کراچی میں معاشی و اقتصادی استحکام ،تیز ترین ترقی میں امن و امان اور ساز گار ماحول مفید ثابت ہو رہا ہے ، محمد زبیر صنعتی علاقوں میں ترقی و انفرااسٹرکچر کی بحالی پر خصوصی توجہ دے ر ہے ہیں، کراچی انڈسٹریل فورم کے وفد سے گفتگو
گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسی کے مثبت نتائج حاصل ہونا شرو ع ہو گئے ہیں ، صوبہ بالخصوص کراچی میں معاشی و اقتصادی استحکام اور تیز ترین ترقی میں امن و امان اور ساز گار ماحول مفید ثابت ہو رہا ہے ، غیر ملکی سرمایہ کاری سے خطے میں غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ یقینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں میں اضافہ اور صنعتی فعالیت سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آرہی ہے ،حکومت صنعتی علاقوں میں ترقی و انفرااسٹرکچر کی بحالی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ معاشی ترقی کاپہیہ مزید تیزرفتاری سے چلے ۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گورنر ہاؤس میں کراچی انڈسٹریل فورم کے 15 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا،وفد کی سربراہی جاوید بلوانی کررہے تھے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم، معاشی خوشحالی کے جس روڈ میپ پر کام کررہے ہیں اس سے ملک کو اقتصادی استحکام حاصل ہوا ، زرمبادلہ ذخائر ، اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ اضافہ اور صوبہ سندھ سمیت ملک بھرمیں معیشت کے مثبت اشاریے حاصل ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل سے پاکستان عالمی معاشی نقشے پر نمایاں مقام حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہو جائے گا کیونکہ یہ ایک جامع معاشی منصوبہ خطے کی تقدیر بدل کر رکھ دے گا ، زیر تکمیل سی پیک منصوبہ سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج ابھر رہا ہے ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ کراچی ملک کا اقتصادی حب ہے جس کی ترقی و خوشحالی پورے ملک کی خوشحالی ہے ملکی و غیر ملکی کمپنیاں زیادہ تر اسی شہر میں ہیں ،سمندر سے متصل شہر اپنے جغرافیائی لحاظ سے خطے میں انتہائی منفرد مقام رکھتا ہے ، سی پیک کی تکمیل کے بعد کراچی میں معاشی سرگرمیوں میں بے پناہ اضافہ یقینی ہے ، حکومت صنعتی علاقوں میں ترقیاتی کاموں اور انفرااسٹرکچر کی بحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، اس ضمن میں صنعت کار اور تاجر بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ معاشی سرگرمیوں سے بھرپور استفادہ کیا جاسکے ۔