اسلام آباد ریجن میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام اشد ضروری


سی پیک منصوبے کی کامیابی اور چین و سینٹرل ایشیائی ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت و برآمدات کو بہتر فروغ دینے کیلئے اسلام آباد ریجن میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام اشد ضروری ہو گیا ہے حکومت خطہ پوٹھوہار میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کو قائم کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے ۔ ان خیالات کااظہار سابق سینیٹرسید ظفر علی شاہ نے اسلام آباد چیمبرکے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں میں اسلام آباد چیمبرکے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے ،اسلام آباد چیمبرکے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ تاجر برادری کے 90فیصد مسائل سی ڈی اے سے تعلق رکھتے ہیں ،سی ڈی اے کے چیئرمین نے لیز کی تجدید اور تجارتی مراکز میں اضافی ا سٹوری کی تعمیر کے مسائل کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن ابھی تک اس سلسلے میں کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک متوازن قانون کرایہ داری کا نفاذ تاجر برادری کا ایک دیرینہ مسئلہ ہے ۔ظفر علی شاہ حکومتی پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں لہٰذا وہ مذکورہ مسودہ کو جلدقومی اسمبلی سے پاس کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔