ایران میں پاکستانی مصنوعات،باسمتی چاول کی بڑی مانگ ہے ،آصف خان


ایران میں پاکستانی مصنوعات کی بڑی مانگ ہے خاص طور پر پاکستانی باسمتی چاول ایران میں مشہور ہے ۔ ان خیالات کا اظہارایران میں تعینات پاکستانی سفیر آصف علی خان درانی نے ر اولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر آرسی سی آئی کے صدرراجہ عامر اقبال، سینئر نائب صدرراشد وائیں ، گروپ لیڈرز سہیل الطاف، ایس ایم نسیم سابق صدرایس ایم عظیم ، چیئر مین انٹر نیشنل افیئرز ڈاکٹر انعام، چیئرمین ایگزیبشن کمیٹی خورشید برلاس مجلس عاملہ کے اراکین اور تاجروں اور صنعتکاروں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ ایران ایک بڑی منڈی ہے ہمارے تاجرمختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھا سکتے ہیں، ہم عالی شان پاکستان کے نام سے ایران میں سنگل کنٹری نمائش منعقد کرنے جا رہے ہیں جو4 مارچ سے7 مارچ تک جاری رہی گی ۔راجہ عامر اقبال نے اپنے خیر مقدمی خطاب میں کہا کہ راولپنڈی چیمبر کے 6ہزار سے زائد ممبر ہیں یہاں پر پولٹری، فارماسیوٹیکل، قیمتی پتھر، ماربل، زیورات اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں دو طرفہ تجارت کو بڑھایا جا سکتا ہے ۔